(ایجنسیز)
وزیراعظم اردگان کا آئندہ بھی سخت ردعمل کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق ترکی کی سرحد کے ساتھ شامی علاقے میں باغیوں اور سرکاری فورسز میں جھڑپیں شدید ہو گئی ہیں، شامی طیاروں نے باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ترک حکام کا کہنا ہے کہ سرحد کے قریب شامی علاقے میں بمباری کرنیوالے مگ 23 طیارے نے ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جس پر اسے تباہ کر دیا گیا۔ ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ مستقبل میں بھی اگر فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تو سخت جواب دیا جائیگا۔شام نے ترکی کے اقدام کو کھلی جارحیت قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ
یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ترک وزیراعظم دہشت گردی کی سپورٹ کر رہے ہیں۔ دریں اثنا شامی فورسز کی مختلف علاقوں میں زمینی اور فضائی کارروائیوں میں 6 بچوں سمیت 57 افراد ہلاک ہو گئے ۔دوسری جانب انسانی حقوق کے کارکنوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے پاس اور ٹائمز سکوائر میں شام میں یرموک کیمپ کے محصورین کی دل دہلا دینے والی تصویروں کی نمائش کی،جن میں بھوک کے شکار مفلوک الحال بچوں،خواتین اور بوڑھوں کو دکھایا گیا ہے ،نمائش کا مقصد محصورین کیساتھ اظہار ہمدردی کرنا اور عالمی سطح پر انکے مسائل کو اجاگر کرنا ہے ۔ جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں بھی ان تصویروں کی نمائش کی گئی۔